ہوناور:29/ڈسمبر(ایس او نیوز) شہر کی ماہی گیر خواتین کے مطالبہ پر ساحلی ترقی بورڈ کی صدراور کمٹہ رکن اسمبلی شاردا شٹی نے بندرگاہ علاقے میں موجود مچھلی مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے ماہی گیر خواتین کے مسائل کی سماعت کی۔
ماہی گیر خواتین کی طرف سے بات کرتے ہوئے ناگما نے کہاکہ مچھلی مارکیٹ بہت ہی بوسیدگی کی حالت میں ہے ، بار ش کے موسم میں پورا پانی اندر گھس آتاہے،دیواروں کے گرنے کا خوف محسوس ہوتاہے، مارکیٹ کے باہر دھوپ میں ہم لوگ بیوپار کرتے رہتے ہیں ، انہوں نے مارکٹ کے لئے ایک چھت تعمیر کرنےکی مانگ کی۔ اسی طرح بتایا کہ ماہی گیر خواتین بنیادی سہولیات نہ ہونے سےکافی تکالیف کا سامنا کررہی ہیں،اس کا کوئی حل نکالے۔ ساحلی ترقی بورڈ کی صدر نے خواتین کے مسائل کوسماعت کرنے کے بعد کہا کہ انہیں ان مسائل کا احساس ہے، ساحلی ترقی بورڈ کی طرف سے اُڈپی میں جس طرح مچھلی مارکیٹ تعمیر کی گئی ہےمیرا خیال ہے کہ ویسی ہی ایک مارکیٹ کی تعمیر یہاں بھی ہو۔ فی الحال باہر چھت بنانے وغیرہ جیسے مسائل کی طرف فوری توجہ دے کر انہیں حل کریں گی ماہی گیر لیڈران پٹن پنچایت اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن سریش میستا ، کانگریس لیڈر سریش رکو میستا، حسین قادری ، جگدیپ این تنگیری وغیرہ موجود تھے۔